لندن : (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھارت کی اپیل مسترد کردی جس کے بعد اب ڈیوس کپ ٹائی پاکستان میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد ٹربیونل کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی پاکستان میں ہی ہوگا، بھارت پاکستان میں عام انتخابات اور سکیورٹی کو بنیاد بنا کر ڈیوس کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتا تھا اور اس حوالے سے گزشتہ ماہ بھی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھارتی مؤقف کو تسلیم نہیں کیا تھا۔
اس حوالے سے پاکستان نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملک میں سکیورٹی صورتحال کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور دیگر ٹیمیں بھی پاکستان میں آکر کھیل رہی ہیں۔
اس معاملے پر بھارتی ٹینس فیڈریشن کی اپیل پر آزاد ٹربیونل بنایا گیا تھا اور اب بھارت کو ایک ماہ میں دوسری بار شکست ہوئی ہے اور پاکستان کا مؤقف تسلیم کیا گیا ہے۔
ٹربیونل کے فیصلے کے مطابق پاکستان میں ڈیوس کپ نہ کھیلنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں، پاکستان میں سکیورٹی صورتحال ایسی نہیں کہ میچ نہ ہوسکیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی 4 فروری کو کھیلا جائے گا۔
آزاد ٹربیونل نے بھارت کو فروری میں پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔