وروارا گریشیوا بطور فرانسیسی شہری پہلے میچ میں کامیاب

Published On 27 June,2023 02:27 am

برلن : ( دنیا نیوز ) روسی نژاد ٹینس کھلاڑی وروارا گریشیوا نے فرانسیسی شہری کے طور پر اپنا پہلا میچ جیت لیا۔

22 سالہ گریشیوا ماسکو میں پیدا ہوئیں لیکن انہوں نے چھ سال تک فرانس میں رہ کر تربیت حاصل کی، انہوں نے گزشتہ روز جرمنی میں ہونے والے بیڈ ہومبرگ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں رومانیہ کی حریف کھلاڑی جیکولین کرسٹیان کو 2-6 ، 2-6 سے شکست دی۔

عالمی نمبر 43 گریشیوا فرانسیسی ویمنز میں دوسری پوزیشن پر آ گئی ہیں اور 3 جولائی کو ومبلڈن شروع ہونے پر اپنے نئے ملک ( فرانس ) کی نمائندگی کریں گی۔

گریشیوا نے مئی میں ہونے والے فرنچ اوپن ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی تھی لیکن انہیں بطور فرانسیسی کھلاڑی درج نہیں کیا گیا تھا کیونکہ انہیں اس وقت تک اپنا فرانسیسی پاسپورٹ نہیں ملا تھا۔

واضح رہے کہ روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں کو اس سال ومبلڈن میں مقابلہ کرنے کی اجازت ہوگی لیکن انہیں آل انگلینڈ کلب کے وضع کردہ سخت قوانین کی پابندی کرنی ہوگی۔