کراچی: (دنیا نیوز) 34ویں قومی گیمز کی مشعل کراچی سے پشاور کیلئے روانہ ہوگئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے مشعل کو روانہ کیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے کوئٹہ نیشنل گیم کی مشعل کی روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کھیل قوموں کا ایک دوسرے سے تعارف ہوتے ہیں، کھیلوں کے ذریعے اقوام عالم سے رابطے پیدا ہوتے ہیں، کھیل رنگ و نسل، ثقافت، تہذیب اور فرقوں کے لوگوں کو بلا امتیاز و تفریق ایک دوسرے سے جوڑ دیتے ہیں، پاکستان کا نام کھیلوں کے حوالے سے پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ قومی کھیلوں کی مشعل کی روانگی کی تقریب منعقد کرے، کراچی میں گزشتہ دنوں کے ایم سی کراچی گیمز 2023ء کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا، کوئٹہ میں منعقد ہونے والے قومی گیمز امن کی علامت ہیں۔
ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں شہریوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھتی ہیں، ہر شخص کسی نہ کسی کھیل میں حصہ لے اور صحت مند زندگی گزارے، کوئٹہ میں 34ویں قومی کھیلوں کا انعقاد خوش آئند ہے، پاکستان کرکٹ، ہاکی، سکواش، بیڈمنٹن اور سنوکر میں دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔