نیویارک: (ویب ڈیسک) کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹس کھلاڑی شاہ زیب رند نے امریکہ میں کراٹے کامبیٹ لیگ کا مقابلہ جیت لیا، وہ اس لیگ میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
68 کلوگرام لائٹ ویٹ کیٹگری میں شاہ زیب کا مقابلہ وینزویلا کے پانچ مرتبہ نیشنل کک باکسنگ چیمپیئن رہنے والے گبو ڈیاز سے تھا،گبو ڈیاز اس سے قبل لیگ کا ایک مقابلہ جیت چکے تھے، تاہم اتوار کو امریکہ کے شہر میامی میں پاکستانی فائٹر سے ہونے والا مقابلہ یکطرفہ رہا، مقابلے کے دوران تین تین منٹ کے تین راؤنڈز کھیلے گئے اور تینوں راؤنڈز میں شاہ زیب رند گبو ڈیاز پر بھاری رہے۔
پاکستانی فائٹر اپنے ڈیبیو مقابلے کے آغاز میں ہی بڑے پُراعتماد نظر آئے، انہوں نے چینی مارشل آرٹس ’وشو سانڈا‘ اور کِک باکسنگ میں سیکھی تکنیک کا بھرپور استعمال کیا اور پہلے ہی راؤنڈ میں گبو ڈیاز پر جارحانہ طریقے سے حملہ آور ہوئے۔
Your winner by decision SHAHZAIB RINDH! Pakistan you got a good one! pic.twitter.com/n0fIaqDyVB
— Karate Combat (@KarateCombat) April 2, 2023
شاہ زیب زبردست داؤ لگا کر حریف کو دفاعی پوزیشن لینے پر مجبور کرتے رہے، گبو ڈیاز کے زیادہ تر وار غیرمؤثر ثابت ہوئے، اس طرح تیسرے راؤنڈ کے اختتام پر تینوں ججز نے اتفاق رائے سے شاہ زیب رند کو فاتح قرار دیا۔
اپنے ڈیبیو میچ میں پاکستانی کھلاڑی نے شائقین، کھلاڑیوں اور ججز کو متاثر کیا۔ شاہ زیب رند نے مقابلہ جیتنے کے بعد سجدہ شکر ادا کیا اور پاکستانی پرچم بلند کیا۔
Shahzaib makes his walk to the pit for the first time representing pic.twitter.com/udnMa2PZ6D
— Karate Combat (@KarateCombat) April 2, 2023
اس لیگ کو دنیا بھر کے 100 سے زیادہ ممالک میں نشر کیا گیا، پاکستان میں شاہ زیب کے آبائی شہر کوئٹہ میں محکمہ کھیل کی جانب سے یہ مقابلہ بڑی سکرین پر دکھانے کا بندوبست کیا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے شاہزیب رند کا کراٹے کامبیٹ لیگ جیتنے پر مسرت کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ شاہزیب کی فتح نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان میں نوجوان باصلاحیت ہیں، شاہزیب کی وطن واپسی پر انکا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔