کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں دس سال پہلے بنایا جانے والے پاکستان کا پہلا ویمنز ہاکی اور فٹبال گراؤنڈ اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین اور ویمن فٹبال آرگنائزر نے گراونڈ کو دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں نارتھ ناظم آباد بلاک آئی کے اس گراونڈ کا دس سال پہلے صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی نے اپنے ہاتھوں افتتاح کیا تھا جہاں خواتین کو ہاکی اور فٹبال کھیل کر اپنا مستقبل سنوارنے کا موقع ملا۔
ساڑھے تین ایکڑ پر مشتمل گراونڈ میں لڑکے کرکٹ کھیلتے اور جانور گھومتے پھرتے رہتے ہیں، 11ملین کی لاگت سے فلڈ لائٹس ٹاور بھی لگائے گئے جبکہ پویلین اور ڈریسنگ روم بھی بنایا جانا تھا۔
کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین اور ویمن فٹبال آرگنائزر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گراونڈ کو خواتین کے لئے دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں خواتین کے لئے فٹبال اور ہاکی کا یہ ایک منفرد گراونڈ ہے جہاں ان کی حفاظت کے لئے اونچی دیواریں بھی بنائی گئی تھیں، اس منصوبے کو جلد دوبارہ شروع نہ کیا گیا تو دیگر گراونڈز کی طرح اس کا نام و نشان بھی ختم ہوجائے گا۔