وہاڑی: (دنیا نیوز) وہاڑی کے نواحی علاقے موڑ رب راکھا میں برصغیر پاک وہند کے معروف روحانی بزرگ حضرت علی محمدؒ المعروف سائیں رب راکھا سرکار کے سالانہ عرس کے آخری دن کبڈی کا شاندار میچ کھیلا گیا جس میں ملک کے نامور کھلاڑیوں نے اپنے کھیل کے جوہر دکھائے۔
عرس اور میلے پنجاب کی ثقافت کا اہم حصہ ہیں، وہاڑی کے نواحی علاقے موڑ رب راکھا میں سائیں رب راکھا سرکارکے میلہ میں رائل کنگ یو ایس اے الیون چیچہ وطنی اور آزاد کبڈی کلب فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان کبڈی کا شاندار میچ کھیلا گیاجوکہ رائل کنگ یوایس اے الیون نے 30 کے مقابلے میں 40 پوائنٹ سے جیت لیا۔ دونوں ٹیموں میں قومی کبڈی ٹیم کے متعدد کھلاڑی شامل تھے، ان کھلاڑیوں نے اپنی طاقت اورفن کازبردست مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کوتفریح کا بہترین موقع فراہم کیا۔
اس موقع پر چیئرمین لوکل کونسلز پنجاب زاہد اقبال چوہدری، پاکستان نژاد جرمن بزنس مین چوہدری تیمور اسلم اور ممبر ضلع کونسل ملک محمد ریاض مسوان مہمان خصوصی تھے۔ زاہد اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ کبڈی پنجاب کی ثقافت کااہم کھیل ہے جس میں ہرکھلاڑی انفرادی طور پراپنی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے جبکہ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے پنجاب سے کبڈی کا کھیل ناپید ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ اس کھیل کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کرے۔ کبڈی میچ دیکھنے والے شائقین نے کہا کہ ہم عرس انتظامیہ کاشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے علاقہ کی عوام کیلئے کورونا وبا کے خاتمہ کے بعد تفریح کا اہتمام کیا۔ ان میلوں کا مقصد پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ سستی اور معیاری تفریح مہیا کرنا ہے۔