بچے کو اغوا، ہمسائے کا قتل کرنے والا برطانوی فٹبالر پولیس کی گولیوں سے ہلاک

Published On 06 July,2021 11:24 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں گزشتہ دنوں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص کو قتل جبکہ نوزائیدہ بچے کو اغوا کرنے والے 24 سالہ فٹبالر کو پولیس نے ایک کامیاب کارروائی میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ملٹن کینیس شہر میں پیش آیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقامی فٹبالر اوڈیشوکوما کیلوین اگوینی ایک بچے کو اغوا کر رہا تھا کہ اس کی رونے کی آواز سن کر قریبی گھر میں رہنے والا ایک شخص بھاگا بھاگا باہر آیا اور اسے بچانے کی کوشش کی۔

تاہم اوڈیشوکوما کیلوین اگوینی نے اسے اپنے قریب نہیں آنے دیا اور فوری طور پر اس کی چھاتی میں گولیاں مار کر اسے وہیں ڈھیر کر دیا۔ مقتول کی شناخت رچرڈ ووڈکک کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 38 سال تھی۔

کہا جا رہا ہے کہ ملزم نے رچرڈ ووڈکک کو گولیاں مارنے کے بعد خود کو گھر میں بند کر لیا۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری حرکت میں آئی اور بچے کو اس ملزم سے چھڑانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

پولیس نے باہر آ کر اعلانات کئے کہ اگر وہ بچے کو چھوڑ دے گا تو اسے کچھ نہیں کہا جائے گا، وہ بچے کو آزاد کرکے خود کو قانون کے حوالے کر دے لیکن ملزم اوڈیشوکوما کیلوین اگوینی کے دماغ پر جنون سوار تھا، اس نے پولیس کی ایک نہ سنی اور بچے کو مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔

پولیس نے اس کے بعد انتہائی خطرناک آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا اور اچانک اس پر دھاوا بول دیا۔ پولیس نے ملزم کو ایکشن کا موقع ہی نہیں دیا اور اسے ہلاک کرکے بچے کو بازیاب کرا لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم اسحالت تشویشناک ہے۔ انوسٹی گیشن کی جا رہی ہے کہ یہ واقعہ کیوں پیش آیا۔