برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے نے فرنچ اوپن کا وائلڈ کارڈ حاصل کر لیا

Published On 15 September,2020 05:22 pm

لندن: (دنیا نیوز)انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کو رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مرکزی ڈرا میں وائلڈ کارڈ سے نوازا دیا گیا ہے۔

مردوں کے سنگلز مقابلوں میں دوسرے تمام وائلڈ کارڈز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو تعلق فرانس سے ہے جبکہ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں 2014ء میں فرانچ اوپن کی سیمی فائنل، ومبلڈن کی فائنلسٹ اور 2020ء یو ایس اوپن کی کوارٹرز فائنلسٹ بلغارین ٹینس سٹار تسویتنا پیرونکووا اور کینیڈا کی یوجنی بوچرڈ کو بھی وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔

33 سالہ اینڈی مرے نے پہلی مرتبہ 2012ء میں یو ایس اوپن ٹینس کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ تین گرینڈ سلام کے چیمپئن اینڈی مرے فرنچ اوپن ٹینس 2017ء کے مینز سنگلز کے سیمی فائنل میں سوئس سٹار سٹین واورنکا سے ہارنے کے بعد کسی گرینڈ سلام ایونٹ میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔

اینڈی مرے کی گزشتہ سال کے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد یہ دوسرا گرینڈ سلام ایونٹ ہوگا جس کے مینز سنگلز مقابلے میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

سابق عالمی نمبر ون اینڈی مرے نے گزشتہ ہفتے ختم ہونے والے رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹین ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی تھی جس کا ابتدائی راﺅنڈ جیتنے کے بعد برطانوی کھلاڑی دوسرے راﺅنڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

اینڈی مرے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں 110 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ 33 سالہ اینڈی مرے رواں سال کولہوں اور پنڈلی کی انجری سے چھٹکارے کے بعد اپنی فٹنس کی تشکیل نو میں لگے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال کا تیسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 124 واں ایڈیشن 27 ستمبر سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوگا جس میں کھلاڑیوں کو سخت اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔