ہاکی ٹیسٹ: جرمنی نے پاکستان کو با آسانی ہرا دیا

Last Updated On 23 October,2019 05:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جرمنی نے پاکستان کو سیریز کے پہلے ہاکی ٹیسٹ میچ میں با آسانی شکست دیدی۔ میزبان ٹیم نے چھ گول کئے جبکہ پاکستان کی طرف سے واحد گول عمر بھٹہ نے کیا۔

جرمن شہر منچن گلڈ بَخ میں ہونے والے پہلے ہاکی ٹیسٹ میں جرمن ٹیم شروع ہی سے حاوی رہی تاہم پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی لیکن دوسرے کوارٹر میں جرمنی نے ایک گول داغ کر ابتدائی برتری حاصل کرلی۔

تیسرے کوارٹر میں جرمنی نے مزید تین گول داغ کر 0-4 کی برتری حاصل کرلی۔ چوتھے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان کے عمر بھٹہ نے گول کرکے پاکستان کا خسارہ کم کیا لیکن اس کے بعد گرین شرٹس مزید کوئی گول نہ کرسکے ۔

جرمن ٹیم نے ریفری کی جانب سے میچ کے اختتام کی سیٹی بجائے جانے سے قبل مزید دو گول کرکے اسکور 1-6 کردیا ۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ہالینڈ کیخلاف اولمپک کوالیفائرز کے دو میچز سے قبل تیاریوں کیلئے جرمنی سے دو میچز کھیل رہی ہے ۔ پہلے ٹیسٹ کا نتیجہ پاکستان ہاکی ٹیم کی کمزور پوزیشن کا عکاس ہے۔