ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، کرگیوس پر 4 ماہ تک ٹینس کے دروازے بند

Last Updated On 30 September,2019 01:04 pm

ملبورن: (ویب ڈیسک) ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آسٹریلیا کے ٹینس سٹار نک کرگیوس پر 4 ماہ تک انٹرنیشنل ٹینس کورٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے مشہور ٹینس سٹار نک کرگیوس نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جس پر حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ان پر 4 ماہ تک انٹرنیشنل ٹینس کھیلنے پر پابندی لگائی، انہیں 25 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 40 لاکھ روپے) جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹینس پلیئر رواں سال اگست میں سنسناٹی ماسٹرز میں کیرن خچانوف کے خلاف میچ میں شکست کے بعد غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور انہوں نے دو ریکٹس کو کورٹ پر مار کر توڑ دیا۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مینز ٹینس کی گورننگ باڈی ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ماہ تک انٹرنیشنل ٹینس کھیلنے پر پابندی اور 25 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔

جرمانے کے بعد ٹینس پلیئر کا کہنا تھا کہ ان چھ ماہ کے دوران میں اپنا رویہ تبدیل کرنے کی کوشش کروں گا اور یقین دلاتا ہوں کہ چھ ماہ بعد آپ مجھے بدلا ہوا پلیئر مانیں گے۔

سوشل میڈیا کے مشہور ویب سائٹ انسٹا گرام پر 12 لاکھ مداحوں کو اپنا تاثرات شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنا رویہ تبدیل کروں گا۔

تاہم اس دوران مداحوں کی جانب سے سخت غصے کا اظہار کیا گیا اور چند صارفین نے کہا کہ آسٹریلوی ٹینس پلیئر پر تاحیات پابندی لگا دینی چاہیے جس کے جواب میں ٹینس پلیئر کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہو سکتا، غصہ نہ کریں میں مداحوں کو وقت آنے پر جواب دوں گا۔