ساڑھے 6 ارب روپے مالیت کے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری

Last Updated On 07 August,2019 05:00 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، نوویک جوکووچ مینز جبکہ جاپانی ٹینس سٹار نائومی اوساکا ویمنز میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں ٹینس کے کھیل کو لوگ پسند کرتے ہیں، رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری ہیں، ایونٹ شروع میں ابھی 18 دن باقی ہیں تاہم شائقین اور کھلاڑیوں کا جذبہ دیدنی ہے جو سوشل میڈیا سمیت انٹرویوز میں اظہار کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئی ٹینس رینکنگ: مردوں میں نوویک جوکووچ کی بادشاہت برقرار

ٹورنامنٹ کا 139 واں ایڈیشن 26 اگست سے امریکا کے مشہور شہر نیویارک میں شروع ہوگا۔ یہ ایونٹ ٹینس کے ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا، یہاں پر دنیا کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کیلئے جنگ کریں گے۔

ٹورنامنٹ کیلئے رقم 4 کروڑ 28 لاکھ 60 ہزار ڈالر (تقریباً ساڑھے 6 ارب روپے) رکھی گئی ہے۔ جیتنے والے کو انعامی رقم 38 لاکھ 50 ہزار ڈالر (تقریباً 58 کروڑ پاکستانی روپے) ملے گی۔ ہارنے والے کو 19 لاکھ ڈالر ( تقریباً 27 کروڑ پاکستانی روپے) ملیں گے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والے پلیئر کو 9 لاکھ 60 ہزار ڈالر (تقریباً 15 کروڑ پاکستانی روپے) ملیں گے۔ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے کھلاڑی 5 لاکھ ڈالر (7 کروڑ پاکستانی روپے) پیسے اکاؤنٹ میں منتقل کریں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہونگے۔ سربیا کے ٹینس سٹار نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اعزاز کا دفاع کرینگے۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی نائومی اوساکا ایک مرتبہ پھر ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گی، مینز ڈبلز مقابلوں میں مائیک برائن اور جیک سوک پر مشتمل امریکی جوڑی اعزاز کی بقاء کے لئے کوشاں ہو گی۔

ویمنز ڈبلز مقابلوں میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی اور انکی امریکی جوڑی دار کو کو وانڈویج اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریگی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں امریکا کی بیتھانی میٹک سینڈز اور ان کے برطانوی جوڑی دار جمی مرے اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ 26 اگست سے شروع ہوکر 8 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔