چار روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب آج کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے انعامات تقسیم کیے۔
کراچی: (ویب ڈیسک) بائیسویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2017ء کی اختتامی اور تقسیمِ انعامات کی تقریب آج کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں مسلح افواج کے اعلیٰ حکام، نمایاں سول شخصیات اور گالفرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
17 تا 20 اگست تک کراچی گالف کلب میں کھیلی چیمپئن شپ میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے۔ ان کیٹیگریز میں کیڈیز، سیمی پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز اور جونئیر پروفیشنلز کے لیے 36 ہولز، سینئرز اور لیڈیز کے لیے 18 ہولز، ویٹرنز کے لیے 9 ہولز اور پروفیشنلز اور امیچرز کے 72 ہولز پر مشتمل مقابلے شامل تھے۔ محمد اشفاق نے 22 ویں چیف آف نیول سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
70 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ یہ چیمپئن شپ انعامی رقم کے اعتبار سے پاکستان میں منعقد ہونے والے گالف کے مقابلوں میں سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ کراچی گالف کلب کے کیڈیز اور سیمی پروفیشنلز کے مین ایونٹ سے قبل کھیلے گئے مقابلوں کے لیے علیحدہ سے پانچ لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔ ملک کے سب سے زیادہ انعامی رقم کے حامل اس ایونٹ میں ملک بھر سے 600 سے زائد بہترین گالفرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔
چیمپئن شپ کے بھرپور انعقاد کے لیے پاک بحریہ، کراچی گالف کلب اور منتظمین کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ بائیسویں چیف آف دی نیول سٹاف چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد اس بات کی علامت ہے اس کھیل کو اعلیٰ سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ بلاشبہ گالف پاکستان کے ہر عمر کے لوگوں میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور پاک بحریہ کو یہ فخر حاصل ہے کہ وہ اس اعلیٰ پیمانے کا گالف ایونٹ ہر سال منعقد کرواتی ہے۔
مہمانِ خصوصی نے پاکستان میں گالف سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو ایک بھرپور تفریح مہیا کرنے پر چیمپئن شپ کے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مباکباد پیش کی۔ انہوں نے گالف کے فروغ اور اس کھیل کو پاکستان میں مقبول بنانے میں پاکستان نیوی کے ساتھ تعاون کرنے پر تمام سپانسرز اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔