لاہور: (دنیا نیوز) دفاعی تجزیہ کاروں نے پہلگام حملے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملہ ہندوستان کا اپنا رچایا ہوا ڈرامہ ہے۔
دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل ریٹائرڈ رضا محمد نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں، بھارتی ایجنسیز اور سوشل میڈیا کا یہ پرانا وطیرہ ہے، حملہ کے بعد اب ہندوستان سے ہر کوئی بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانے آگیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں پاکستان جب تحقیقات کرلے تو پھر کسی دوسرے کو ملوث ٹھہراتا ہے، یہ حملہ ہندوستان کا اپنا رچایا ہوا ڈرامہ ہے، پاکستان اس وقت کیوں خود کو بدنام کروانے کیلئے ایسا کام کرے گا۔
کشمیر کے عوام خود ہندوستانی فوج کو قابض فوج سمجھتے ہیں: مشاہد حسین سید
سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارتی انٹیلی جنس، ملٹری اور سکیورٹی ایجنسیز ماضی میں بھی فالس فلیگ آپریشنز کرتی رہیں، انہوں نے 1995 میں بھی ویسٹرن ٹورسٹ مارے تھے، جب 2000 میں کلنٹن آیا تو انہوں نے سکھوں کو مارا۔
انہوں نے کہا کہ اب ہندوستان میں جے ڈی وینس پہنچا ہوا ہے، مودی خود سعودی عرب پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے گیا ہوا تھا، ہندوستان خود را کے ذریعے دوسرے ممالک میں دہشتگردی کر رہا ہے۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ ایک طرف ہندوستان کہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فول پروف سکیورٹی ہے، دوسری طرف یہ پاکستان کے خلاف الزام تراشی کرتے ہیں، ہندوستان میں مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ فوج بھی تعینات ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا صرف ایک مقصد ہے کہ پاکستان کو بدنام کیا جائے، ہمیں ہندوستان کو بےنقاب کرنا چاہیے، ہم یونائیٹڈ نیشن میں ہیں، یہ بتائیں ان پر کہاں سے آپریشن ہوا۔
مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام خود ہندوستانی فوج کو قابض فوج سمجھتے ہیں، یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی چاہتے ہیں، یہ پاکستان پر الزام لگا رہے ہیں، ہم نے بھارت کو بے نقاب کرنا ہے۔
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کشمیریوں کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش ہے: عبدالحمید لون
حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کشمیریوں کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش ہے، عام کشمیریوں کے تاثرات کو بھی دنیا سن لے، سری نگر لالچوک میں عام شہریوں نے پہلگام واقعہ کو بھارتی سازش قرار دیا ہے۔
عبدالحمید لون کا کہنا تھا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن امریکی نائب صدر ڈی وینس کے دورہ بھارت کے موقع پر رچایا گیا ہے، 2000 میں امریکی صدر بل کلنٹن کے دورہ بھارت میں بھارت نے چھٹی سنگھ پورہ میں قتل عام کیا تھا، ماضی اور موجودہ حملے میں مماثلت پائی جاتی ہے۔
حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت ہمدردی حاصل کرنے کے لئے اتحادیوں سے فوجی مدد حاصل کرنے کے لئے وکٹم کا کارڑ کھیل رہا ہے، 2019 میں پلوامہ حملے کو سابق گورنر ستہ پال ملک کے اعتراف نے بھارت کو بے نقاب کیا تھا۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ حریت کانفرنس مودی حکومت کی معاشی جدوجہد اور اندرونی بدامنی سے منہ موڑنے کے لئے دہشت گردی کے بیانیے کا استعمال کرتی ہے، اتنی فورسز کی موجودگی میں دہشت گردی کا ڈرامہ رچا کر پاکستان اور کشمیریوں کو بدنام کرنا بھارت کا مقصد ہے۔