ضمنی انتخاب میں پی پی پی کی کامیابی مخالفین کیلئے سبق ہے: ندیم افضل چن

Published On 18 April,2025 01:00 am

عمر کوٹ: (دنیا نیوز) ندیم افضل چن نے کہا کہ عمرکوٹ کے ضمنی انتخاب میں پی پی پی کی کامیابی’’جیالوں کی جیت اور مخالفین کے لئے سبق‘‘ ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے عمرکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی پی پی کی بھاری مارجن سے کامیابی کو ’’جیالوں کی جیت‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نتیجہ پارٹی کارکنوں کی محنت اور عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی پی کا کہنا تھا کہ عمرکوٹ کا یہ انتخاب ناصرف مخالفین کے لئے ایک سبق ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور پالیسیوں کو عوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ اس کامیابی سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی سندھ کے عوام کی حقیقی جماعت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عمرکوٹ کے عوام نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جیت اس شعور کی عکاس ہے کہ عوام کا اعتماد آج بھی پیپلزپارٹی پر قائم ہے اور وہ جانتے ہیں کہ یہی جماعت ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔