اسلام آباد:(دنیا نیوز) محمکہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ایک بار پھر شدید ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جس طرح گزشتہ روز اسلام آباد میں شدید گرمی کی لہر کے دوران اچانک آسمان نے اولے برسائے اور شدید ژالہ باری سے سیکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اسی طرح کی ژالہ باری دوبارہ بھی ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب موسم بدل رہا ہوتا ہے تو اس طرح کے ایونٹ ہوتے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں نے ہمارے خطے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اس طرح کی شدید ژالہ باری مستقبل قریب میں دوبارہ ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں 20 اپریل تک آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی
یاد رہے کہ بدھ کو اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی تھی جس کے سبب سیکڑوں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے علاوہ دیگر کئی نقصانات ہوئے تھے، ژالہ باری سے فیصل مسجد کی کھڑکیوں کے شیسے بھی ٹوٹ گئے تھے۔
علاوہ ازیں ژالہ باری کے دوران گرنے والے اولے اتنے بڑے تھے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کھلے آسمان تلے موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے اور سڑکوں و پارکوں نے گویا سفید چادر اوڑھ لی تھی۔