چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے بار ایسوسی ایشنز کے وفود کی ملاقات

Published On 16 April,2025 04:58 pm

لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے ساتھ مختلف ضلعی و تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے ملاقات کی۔

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ امجد اقبال رانجھا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر رانا غلام سرور ملاقات میں موجود تھے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبران حمود الرحمان اعوان اور نجمہ رشید ، صدر لاہور بار ایسوسی ایشن مبشر رحمان، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے صدر مہر رب نواز اور دیگر عہدیداروں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملاقات کی۔

کمالیہ اور وزیر آباد کی تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے بھی چیف جسٹس عالیہ نیلم سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وکلا وفود نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بار ایسوسی ایشنز کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز اور وکلا کے مسائل کا حل لاہور ہائیکورٹ کی اولین ترجیح ہے،نوجوان وکلا ہمارا مستقبل ہیں، پورے پنجاب میں بہترین اور تمام سہولیات سے آراستہ جوڈیشل کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کہا کہ لاہور میں بھی جوڈیشل ٹاور بنایا جائے گا، لاہور میں جوڈیشل ٹاور کی جلد تعمیر کے حوالے سے حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، لاہور جوڈیشل ٹاور تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور جوڈیشل ٹاور میں کینٹ اور ماڈل ٹاؤن کی سول عدالتوں کے لئے علیحدہ علیحدہ بلاکس بنائے جائیں گے، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وکلا وفود میں موجود نومنتخب بار عہدیداروں کو مبارکباد بھی دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ پنجاب کے وکلا کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وکلا تنظیموں کے عہدیداروں نے وکلا کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات پر چیف جسٹس عالیہ نیلم کو خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ وکلا کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔