اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی اراکین کانگریس کے وفد سے تحریک انصاف کی ملاقات کا معاملہ، ترجمان قومی اسمبلی کا موقف بھی سامنے آ گیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ہفتہ کی رات سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امریکی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پرنسپل سیکرٹری ٹو سپیکر، سپیشل سیکرٹری آئی آر اور ڈی جی پروٹوکول نے بیرسٹر گوہر اور ملک عامر ڈوگر کو فون کیا اور انھیں عشائیہ میں شرکت کی دعوت دی۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق دونوں معزز اراکین نے سپیکر کی عشائیے میں شرکت کی دعوت قبول کی اور اپنی شرکت بھی کنفرم کی تھی۔
قومی اسمبلی ترجمان نے کہا کہ دونوں معزز اراکین نے کنفرم کرنے کے باوجود ملاقات اور عشائیہ میں شرکت نہیں کی، یہ کہنا کہ انہیں دعوت ہی نہیں دی گئی حقائق کے برعکس ہے۔