ذوالفقار علی بھٹوکا نام قیادت، جرات اور عوامی خدمت کی علامت بن چکا ہے: مرتضیٰ وہاب

Published On 04 April,2025 02:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نتے شہید بھٹو کو ان کی عوامی اور قومی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ شہید بھٹو وہ عظیم عوامی لیڈر تھے جنہوں نے عوام کو زبان دی، شہید بھٹو نے ملک و قوم کے لئے بے شمار کارنامے انجام دیئے، شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک ایسا نام ہے جو قیادت، جرات اور عوامی خدمت کی علامت بن چکا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہید بابا نے پاکستان کو سفارتی محاذ پر وقار بخشا اور عالمی سطح پر ایک مضبوط قوم کے طور پر متعارف کروایا، بھٹو شہید کا خواب ایک خوشحال، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان تھا جس کے لئے انہوں نے اپنی جان کی قربانی دے دی، قائد عوام نے کسان، مزدور اور عام آدمی کو طاقت دی اور انہیں سیاست میں فیصلہ کن حیثیت دلوائی۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کے اتحاد کے لئے شہید بھٹو کی کاوشیں تاریخ کا سنہری باب ہیں جس کی گواہی لاہور میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس دیتی ہے، شہید بھٹو نے کہا تھا ’’ہم گھاس کھا لیں گے، مگر ایٹم بم بنائیں گے‘‘ اور ان کے اس عزم نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنا دیا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہید بھٹو وہ لیڈر تھے جنہوں نے ہمیشہ عوام کی آواز سنی اور ان کے حقوق کے لئے ہر طاقت سے ٹکرا گئے، شہید بھٹو کا فلسفہ ملکی ترقی کا ضامن ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت شہید بھٹو کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔