کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے سربراہ نیشنل پارٹی ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بی این پی مینگل کے ساتھ معاملات طے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور دیگر سیاسی کارکنوں کی گرفتاری سے صوبے میں حالات مزید خراب ہوں گے، صوبے بھی میں گزشتہ دنوں سے احتجاجی دھرنے اور جلسے جلوس چل رہے ہیں۔
سربراہ نیشنل پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم آگ پر پانی ڈالنے والے لوگ ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بی این پی مینگل اور حکومت باعزت طریقہ اپنائے، ہماری پارٹی کے وفود کی گزشتہ روز سردار اختر مینگل سے بھی ملاقات ہوئی۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ سولہ ایم پی او اور 3 ایم پی او طاقتوروں کے ہتھکنڈے ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ پرامن بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن لانے کے لئے کرپشن پر قابو پایا جائے، وزیراعلیٰ کا پیغام سردار اختر جان مینگل تک پہنچائیں گے، بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔