کراچی: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے مفادات پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، کسی بھی صورت میں متنازعہ کینالز کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے پانی کے حقوق کی محافظ ہے، پیپلز پارٹی ہر اُس اقدام کے خلاف کھڑی ہوگی جو سندھ کے وسائل کو نقصان پہنچائے گا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پانی کے مسئلے پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کے پانی پر کسی بھی دباؤ یا مصلحت کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا، صدر آصف زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو اور سندھ حکومت نے واضح پیغام دیا ہے، کسی بھی غیر قانونی کینال کی تعمیر کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے بھی اس حوالے سے قرارداد منظور کر لی ہے، جو عوامی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے ، پانی سندھ کے عوام کا بنیادی حق ہے، ہم کسی بھی ایسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہو۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ حق اور سچ کی بات کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی، وفاقی حکومت سندھ کے پانی کے حقوق کو یقینی بنائے، کسی بھی ایسی سکیم یا منصوبے کو تسلیم نہیں کریں گے جو سندھ کے حقوق کے خلاف ہو۔