اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی اسلام آباد رہائشگاہ پر حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے گورنر خیبر پختونخوا کی میزبانی میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کی، اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن سے رانا ثناءاللہ، امیر مقام، سردار محمد یوسف، خواجہ سعد رفیق، مرتضٰی جاوید عباسی نے شرکت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی سے صوبائی صدرمحمد علی شاہ باچا، صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع خانزادہ، رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اجلاس میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں بدامنی، معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیشہ نظریے، اصولوں کی سیاست کی اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا: بلاول بھٹو
اجلاس میں خیبر پختونخوا میں پائیدار امن سمیت صوبہ کی مجموعی ترقی کیلئے مشترکہ جدوجہد و لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں صوبہ کی ترقی کیلئے ہم خیال سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کر کے مشاورتی عمل میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مشترکہ اجلاس میں ملک کی دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے صوبہ کی مجموعی ترقی کیلئے مشاورت کا باقاعدہ سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، رہنماؤں نے صوبہ میں دن بدن بڑھتی بدامنی کی خراب صورتحال پر صوبائی حکومت کی مجرمانہ خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا۔