مارچ میں جنوری کی جھلک، بالائی علاقوں میں برف ہی برف، سیاحوں کا داخلہ بند

Published On 04 March,2025 02:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) مارچ میں جنوری کی جھلک، بالائی علاقوں میں برف ہی برف، آسمان سے گرتے سفید گالوں نے ہر شے کو دامن میں چھپا لیا۔

تین روزہ وقفے کے بعد ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری ہوئی، 12 انچ سے زائد برف پڑ چکی، نتھیا گلی اور ایوبیہ 14، چھانگلہ گلی میں 16 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے مری اور گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

برف باری کے باعث اسلام آباد مری ایکسپریس وے عارضی طور پر بند کر دی گئی، گلیات کے تعلیمی اداروں میں 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا، مالم جبہ میں 19 اور کالام میں 18 انچ تک سنو فال ہوئی، ہیوی مشینری کی مدد سے سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

وادی شگر میں شدید برفباری سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، اپر چترال میں کئی کئی انچ تک برف باری ہوئی، ملک بھر میں بارشوں کا طوفانی سپیل شروع ہوگیا، اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بادلوں نے رنگ جما دیا۔

جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 60 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، مندرہ، روات، موہڑہ میں شدید ژالہ باری ہوئی، اولوں کی سفید چادر بچھ گئی۔