اٹلی کی طرز پر پنجاب میں جدید ڈیری فارمنگ کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

Published On 23 February,2025 02:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اٹلی کی طرز پر پنجاب میں جدید ڈیری فارمنگ، دودھ اور پنیر کی پیداوار، ترسیل کے عالمی معیار کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اٹلی کے شعبہ ڈیری کے سرمایہ کار وفد نے سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر لائیو سٹاک عاشق حسین سے ملاقات کی، منصوبے کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار بھینسوں کا پہلا آزمائشی منصوبہ پاک پتن، مظفرگڑھ اور جھنگ میں شروع ہوگا۔

اعلیٰ نسل کی بھینسوں کی افزائش، دودھ کی پیداوار بڑھانے، پیکجنگ اور برآمدی معیار بڑھانے پر مل کر کام ہوگا، دودھ ٹھنڈا کرنے اور محفوظ بنانے سمیت ڈیری کے شعبے میں جدید مشینری متعارف ہوگی، جامع ڈیری پالیسی جلد تیار ہوجائے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ زیتون کے بعد ڈیری فارمنگ سے پنجاب میں زرعی انقلاب کی رفتار مزید تیز ہوگی، غریب اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈیری مصنوعات کا منصوبہ شروع ہونے سے چھوٹے کسان اور خواتین خوشحال ہوں گے، 15 ہزار لائیو سٹاک کارڈز اور 80 ارب روپے کی سبسڈی سے کسان اور زراعت کو فائدہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ آسان قیمت پر ٹریکٹر، زرعی مشینوں کی فراہمی سے پنجاب میں زراعت فروغ پا رہی ہے، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اٹلی کے ڈیری کے شعبے کے سرمایہ کار وفد کی آمد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر لائیو سٹاک عاشق حسین نے اٹلی کے وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، اٹلی کا دنیا میں زرعی اور ڈیری مصنوعات کے حوالے سے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔