پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی پر صوبائی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی انتہائی نامناسب حرکت ہے، سٹیڈیم کا نام صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کرنے والے شخص کے نام پر رکھنا پختونوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اس صوبے کی شناخت مٹانے اور صوبے کو تباہ کرنے کے مشن پر گامزن ہے، سانحہ 9 مئی کے مرکزی کردار کے نام پر سٹیڈیم کا نام رکھنا ریاست دشمن قوتوں کو تقویت دینا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے خلاف پشاور کے غیور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ 9 سال سے اقتدار پر قابض جماعت ارباب نیاز سٹیڈیم کی تزئین و آرائش و بحالی تک نہ کر سکی، ایک جانب یہ نااہل حکومت ہے جبکہ دوسری جانب وفاقی حکومت اور پی سی بی نے لاہور اور کراچی کے سٹیڈیمز کو چند ہفتوں میں مثالی بنایا۔