پشاور: (عامر جمیل) خیبرپختونخوا اسمبلی میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں و اسناد کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی۔
اسمبلی سیکرٹریٹ میں گریڈ 3 سے 20 تک 794 ملازمین کی ڈگریوں کو چیک کیا جائے گا۔
ڈگری چیک کروانے والوں میں 22 ملازمین گریڈ 19 اور7 گریڈ 20 کے افسران شامل ہیں، ڈگریوں کی چیکنگ میں 47 ملازمین گریڈ 18 اور 99 گریڈ 17 کے افسران بھی شامل ہیں، اسمبلی ملازمین کی تعلیمی اسناد متعلقہ حکام کے سپرد کی گئی ہیں۔
سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ جعلی ڈگریوں کی نشاندہی اور شفاف بھرتیوں کو یقینی بنایا جائےگا، اسمبلی سیکرٹریٹ میں میرٹ اورشفافیت اولین ترجیح ہے، اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں کی فوری اور شفاف تصدیق یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کو دیگر اداروں کیلئے مثال بنائیں گے، اسمبلی سیکرٹریٹ میں جعلی ڈگریوں کی کوئی گنجائش نہیں۔