لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے بعد صوبے بھر میں کسی بھی طرح کے جلسے جلوس پر پابندی عائد ہوگی۔
ہوم ڈپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی گئی ٹوئٹ کے مطابق پنجاب میں ہفتہ 8 فروری کو ہر قسم کے سیاسی احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ہوم ڈپارٹمنٹ کے مطابق سکیورٹی خطرات کے پیش نظر عوامی جلوس و دھرنا دہشتگردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے اور شرپسند عناصر عوامی احتجاج کا فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔
ہوم ڈپارٹمنٹ کی ٹوئٹ کے مطابق میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور صوبائی انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دفعہ 144 ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے کل (8 فروری) ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کی کال دی ہوئی ہے۔