مریم نواز کی دن رات کاوشوں سے پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا: رانا تنویر حسین

Published On 27 January,2025 03:27 am

شیخوپورہ: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اور مریم نواز شریف کی دن رات کی کوشش سے پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار ونیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا میں (ن) لیگ کی خاتون رکن پنجاب اسمبلی عطیہ افتخار بیگ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور عطیہ افتخار بیگ کے والد اور مرزا افتخار بیگ سے انکے سسر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ (ن) لیگ ملک کو جلد بحرانوں سے نکال کر ترقی یافتہ بنائے گی، وزیر اعظم شہباز شریف وفاق کی سطح پر ملکی مسائل و بحرانوں کے خاتمہ کیلئے سرگرم عمل ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت محمد نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہی ہے، مہنگائی کو کنٹرول کیا جا رہا ہے، عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کیا جائے گا، اس وقت پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور حکومت کی اولین ترجیح تومعاشی بحران کو حل کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے پرعزم ہے اور عوامی خوشحالی کیلئے سنجیدگی سے کوشاں ہے اس وقت پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لیے بحیثیت قوم ہمیں متحد ہونا ہوگا۔