’اڑان پاکستان‘ ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے:احسن اقبال

Published On 20 January,2025 06:14 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ’اڑان پاکستان‘ ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے۔

جڑواں شہروں میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہرشہری کوبرابرکےحقوق حاصل ہیں، پاکستان میں اقلیتیں مکمل آزادی کےساتھ زندگی گزاررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کےلیےبھی اقلیتوں نےہمیشہ کردارادا کیا ہے، ملکی ترقی میں مسیحی برادری کا بھی اہم کردارہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ معاشرے کی ترقی کےلیےنفرت اور تعصب پرمبنی رویئوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے، نفرت اورتعصب کے خاتمے کے لیے سب کو کردارادا کرنا ہو گا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے، ملکی ترقی کے لیے تمام شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نوجوانوں کوہنرمند بنانے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔