نوازشریف نے اپنی ٹیم کو مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا: بیرسٹر سیف

Published On 18 January,2025 10:17 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی ٹیم کو مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹرسیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اورعسکری قیادت کے درمیان ملاقات کے بعد نواز شریف کیمپ میں کھلبلی مچ گئی ہے،اطلاعات ہیں نوازشریف نے اپنی ٹیم کو مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو غیر موثر بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر سرگرم ہو چکے ہیں جو نہیں چاہتے کہ ملک کے اندر سیاسی استحکام کی راہیں کھلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں امن کیلئے مذاکرات کی راہ پر چل رہی ہے جبکہ غیر منتخب ٹولہ اپنے ناجائز اقتدار کو بچانے کے لئے مذاکرات ناکام بنانے کے مشن پر ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء اپنے حلف کا پاس رکھتے ہوئے پی ٹی آئی اور عسکری قیادت میں ملاقات پر سیاست نہ کریں۔