بانی پی ٹی آئی کی تاریخ ہے وہ کسی کے ساتھ مخلص نہیں: خواجہ آصف

Published On 28 December,2024 05:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تاریخ ہے کہ وہ کسی کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔

لاہور میں خواجہ محمد رفیق شہید کی برسی پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مذاکرات کیلئے سب سے پہلے ہاتھ بڑھایا، سب نے ایک بات کا اعادہ کیا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، پی ڈی ایم حکومت میں بھی ہم مذاکرات کا کہتے تھے، ہم پاور میں آئے تب بھی کہتے رہے مذاکرات ہونے چاہئیں۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ 15 روز میں ایسا کیا ہوا کہ پی ٹی آئی مذاکرات پر آمادہ ہو گئی، کوئی ایک شخص بتا دیں جس کے ساتھ بانی پی ٹی آئی نے وفا کی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ پہلا سیاستدان ہے جو امریکا کے ترلے کر رہا ہے، پہلے کہتے تھے کہ غلامی نامنظور، اب کہتے ہیں غلامی سو بار منظور۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جنگ میں ہمارا کوئی کام نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی کے دور میں 40 ہزار بندے پاکستان آئے، ہم افغانستان میں جہاد کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔