راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 13 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 24 اور 25 دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن کے نتیجے میں 13 خوارج جہنم واصل ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔