عمران خان چاہتے ہیں مذاکرات کیلئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے: بیرسٹر گوہر

Published On 24 December,2024 05:14 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں مذاکرات کے لئے ایک ٹائم فریم مقرر کیا جائے۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل گیٹ پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات پر بریفنگ دی ، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ایک ٹائم فریم میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مذاکرات جلد از جلد ختم ہوں، مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا اجلاس ابتدائی اورغیر رسمی، تھا اجلاس میں ہمارے بعض ارکان غیر حاضر تھے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے اگلے دور میں اپنے مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کے اگلے دور سے قبل تحریک انصاف مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں، مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کے حوالے سے پُرامید ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی ہے، مجھ سمیت بہت سارے لوگ اس میں شامل نہیں، ہم مذاکرات کے عمل پر پُرامید ہیں، کوشش کرنی چاہئے کہ سارے مسائل کا حل ضرور نکل آئے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اپیکس کمیٹی میں شرکت کے باعث مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بن سکے، 2 جنوری کو ہمارے تمام کمیٹی ممبران مذاکرات کا حصہ ہوں گے، ہم تحریری طور پر اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھیں گے۔