خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کرم میں تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ

Published On 20 December,2024 01:17 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے کرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ضلع کرم کی صورتحال پر خیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری کے پی، آئی جی اور متعلقہ کابینہ اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں کرم میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، کرم کی صورتحال پر شرکا کو بریفنگ دی گئی اور گرینڈ جرگے کے حوالے سے ہونے والی پشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو قیام امن کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے، صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں سپورٹ کریں گے۔

اس موقع پر ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ضلع کرم میں تمام بنکرز کو ختم کیا جائے گا جبکہ علاقے میں لوگوں سے اسلحہ واپس لینے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ مستقبل میں ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کر کے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایوان وزیراعلیٰ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں پورا تعاون کریں گے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔