حکومت تنازع سےبچنے کیلئے ہمارا موقف تسلیم کرے: مولانا فضل الرحمان

Published On 17 December,2024 07:04 pm

کراچی :(دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت تنازع سےبچنےکےلیےہمارے موقف کوتسلیم کرے۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت ایکٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرے، دینی مدارس سے متعلق قانون سازی کو ایوان صدر نے الجھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہو چکی ہے ، ترمیم کی روشنی میں حکومت مدارس بل ایکٹ کو منظور کرے ۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت تنازع سے بچنے کے لیے ہمارے موقف کو تسلیم کرے، قانون سازی کا عمل مکمل ہوچکا،نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، بل پاس ہونے پر معاملہ ختم ہو چکا ہے ، ہم مزید مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتے۔

مولانا کی باتوں میں دلیل، پیغام آگے پہنچائیں گے : خالد محمود صدیقی
ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی باتوں میں بہت دلیل ہے، ان کا پیغام آگے پہنچائیں گے، ہمارے درمیان بہت زبردست گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں ترمیم میں جوباتیں طےہوچکیں ان پرعمل درآمد ہونا چاہیے، گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد بھی بات چیت ہوسکتی ہے۔