فارم 47 کے ذریعے مسلط ٹولہ جمہوریت کا گلا گھونٹ رہا ہے: بیرسٹر سیف

Published On 17 December,2024 11:30 am

پشاور : (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ فارم 47 کے ذریعے ملک پر مسلط ٹولہ جمہوریت کا گلا گھونٹ رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے با معنی مذاکرات کرنا چاہتی ہے، اس مقصد کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام اپوزیشن جماعتوں کا اکٹھا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر ڈاکہ ڈالنے والے حکومتی گروہ کے خلاف تمام اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا، فارم 47 کے ذریعے ملک پر مسلط جعلی ٹولہ جمہوریت کا گلا گھونٹ رہا ہے، موجودہ جعلی حکومت نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ حکومتی گروہ اور ان کے حواریوں نے اقتدار کی خاطر جمہوریت کو داؤ پر لگا دیا ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنی کرسی جبکہ تحریک انصاف جمہوریت بچانے کے لئے جدوجہد کررہی ہے، فارم 47 کے جعلی گروہ نے ملک کی جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت عوام کرسی پر قابض گروہ کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں، اس جدوجہد میں فتح بالآخر عوام کی ہو گی۔