وزیر خارجہ اسحاق ڈار ڈی 8 سمٹ میں شرکت کیلئے قاہرہ روانہ

Published On 17 December,2024 11:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ڈی 8 سمٹ میں شرکت کے لیے قاہرہ روانہ ہوگئے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ڈیویلپنگ 8 سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ڈیویلپنگ 8 سمٹ 19 دسمبر سے قاہرہ میں شروع ہو رہی ہے، ڈی ایٹ سمٹ کی سائیڈ لائنز پر اسحاق ڈار کی قاہرہ میں دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، اسحاق ڈار باکو میں ایشیا میں اعتماد سازی اقدامات پر اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ ڈی 8 میں بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکیہ شامل ہیں۔ اسے 1997 میں جنوب مشرقی ایشیا سے افریقا تک پھیلے ہوئے ممالک کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔