سندھ: میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کیلئے نصاب میں کمی کا فیصلہ

Published On 17 December,2024 10:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ طلبہ کے سالانہ امتحانات 2025 کے لیے نصاب میں25 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ نے 75 فیصد سلیبس سے امتحانات لینے کا فارمولہ طے کرلیا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، سلیبس میں 25 فیصد کمی کا فارمولا ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم نے طے کیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق نویں، دسویں،گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تمام فیکلٹیز پر ہوگا، سائنس ، ہیومینٹیز، کامرس ، جنرل گروپ، پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کے لیے آغاز سے لے کر 75 فیصد سلیبس سے امتحانات لیے جائیں گے۔

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات سے قبل تمام مضامین کا 50 فیصد سلیبس مکمل کرا دیں، موسم سرما کی تعطیلات کے بعد باقی ماندہ آدھے سلیبس میں سے صرف 50 فیصد کی تدریس ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پورے سیشن 25-2024 میں مجموعی نصاب کا 75 فیصد پڑھایا جائے گا، امتحانات بھی 75 فیصد سلیبس سے لیے جائیں گے، آئندہ تعلیمی سیشن 26-2025 اب یکم اگست کے بجائے یکم اپریل سے شروع ہوگا، میٹرک کے امتحانات 15 مارچ اور انٹر کے 15 اپریل سے شروع ہونگے۔