ریاض: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی۔
پاک سعودیہ وزرائے داخلہ کی ملاقات ریاض میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے داخلہ نے سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
دوران ملاقات شہزادہ عبدالعزیز اور محسن نقوی نے منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو کی، انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے بارے بھی بات چیت ہوئی۔
سعودی وزیر شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی اور وفد کے دیگر ارکان کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ہر پاکستانی کا مذہبی عقیدت و احترام کا رشتہ ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب کی ویژنری قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی بے پایاں سپورٹ پر دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ناصر الداؤد، وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر خالد الباطل، پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی، ڈرگ کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد القرنی بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔