اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں بنگلہ دیش کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق نے الوداعی ملاقات کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر پاکستان میں اپنی چار سالہ مدت پوری کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش تعلقات کے فروغ کے لیے ہائی کمشنر کی شاندار خدمات کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی کے تعلقات کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے پاکستان میں قیام کے دوران انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔