سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیوں میں 7 خوارج جہنم واصل، لانس نائیک شہید

Published On 11 December,2024 08:11 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں 7 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ لانس نائیک شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیاں 10 اور 11 دسمبر کو کی گئیں، میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 4 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سپین میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 3 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد امین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 34 سالہ لانس نائیک محمد امین کا تعلق فیصل آباد سے ہے، علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔