اسلام آباد: (حریم جدون) وزارت آئی ٹی کی طرف سے ایف آئی اے سائبر ونگ اختیارات کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
دنیا نیوز کو موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل سائبر کرائمز اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی کے قوانین منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور اب اختیارات ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو منتقل کر دیئے گئے ہیں۔
نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی قوانین کو اسٹرکچر نامکمل ہونے کے باعث منسوخ کیا گیا، اسٹرکچر مکمل ہونے پر نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی قوانین کو دوبارہ فعال کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو سوشل میڈیا پر ہونے والے جرائم کے خلاف کارروائی کا اختیار مل گیا، نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی 2023 میں سوشل میڈیا جرائم کی روک تھام کیلئے قائم کی گئی تھی۔