10 دسمبر تک حج درخواستیں جمع کرانے والے تمام 79 ہزار عازمین کامیاب قرار

Published On 11 December,2024 03:22 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارتِ مذہبی امور نے 10 دسمبر تک درخواستیں جمع کروانے والے تمام 79 ہزار عازمین حج کامیاب قرار دے دیا۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق گزشتہ ایک ہفتہ کی توسیع کے دوران 10 ہزار سے زائد نئی درخواستیں جمع ہوئیں، عازمینِ حج کے اصرار پر چند ہزار خالی نشستوں پر ’’پہلے آئیے پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستیں روکنے کا اعلان کیا جائے گا، وزارتِ مذہبی امور نے نئے حج درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست جمع کروانے کے بعد متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسیدضرور حاصل کریں۔

ترجمان کے مطابق کمپیوٹرائزڈرسید پر درج تاریخ اور وقت کے حساب سے ’’پہلے آئیے پہلے پائیے ‘‘کا فیصلہ کیا جائے گا، سپانسرشپ حج سکیم بھی ’’پہلے آئیے پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر جاری رہے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سرکاری کوٹہ مکمل ہونے پر حج واجبات کی دوسری قسط کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، عازمینِ حج نئی ہدایات مثلاً بقیہ حج واجبات کا شیڈول، تربیت اور پروازوں کی اطلاع کے لئے اپنے سمارٹ فون پر ’’پاک حج موبائل ایپ ‘‘ کا استعمال لازمی کریں۔