انسداد دہشتگردی عدالت کا عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کرنے کا حکم

Published On 06 December,2024 10:06 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے دہشتگردی کے مقدمات میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں عمرایوب ، راجہ بشارت اور احمد چٹھہ کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا، اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات پر سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے بابر اعوان سمیت دیگر وکلاء عدالت پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ہونے کے باوجود کیوں گرفتار کیا۔

بعدازاں عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمرایوب، سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت، راجہ ماجد، احمد چٹھہ اور ملک عظیم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاوہ شیخ رشید سمیت دیگر 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار راولپنڈی میں درج ہے، مقدمہ میں عمران خان سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں جبکہ 23 ملزمان کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔