معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں: وزیر اعظم

Published On 05 December,2024 01:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر اعظم نے محصولات میں اضافے کے لیے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی پر زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ، وزیر مملکت، چیئرمین ایف بی آ ر اور سیکرٹری خزانہ کی کوششیں لائق تحسین ہیں جبکہ معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، فسکل سپیس بڑھنا خوش آئند ہے۔

وزیر اعظم نے ملک میں ٹیکسیشن کو مؤثر اور تیز تر بنانے، محصولات کے نفاذ اور حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے سخت اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم کاموں کو 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم کی فروخت 25 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنا انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیر اعظم نے پیٹرول کی سمگلنگ کے خلاف مزید سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ چینی کی برآمد کے بروقت فیصلے کی بدولت پاکستان کو 500 ملین کا قیمتی زر مبادلہ ملا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ ایف بی آر کی ویلیو چین کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق تمام کام مارچ 2025 تک مکمل ہو جائے گا، شوگر انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے اور سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب کے حوالے سے ڈیزائن کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔