وزارت داخلہ کا پی ٹی آئی کےاحتجاج سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

Published On 19 November,2024 03:47 pm

اسلام آباد: (عادل تنولی) وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈپٹی کمشنر نےاحتجاج کے پیش نظر 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی، وزارت داخلہ کی جانب سے متعلقہ سکیورٹی اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں۔

وزارت داخلہ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شرپسندی میں ملوث افراد کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنے اور وفاقی دارالحکومت میں تمام سرکاری اور اہم عمارتوں کی سکیورٹی کیلئے سخت ترین حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزارت داخلہ نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی کیلئے بھاری نفری تعینات کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں افغان مہاجر کیمپوں کی جیوفنسنگ کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ احتجاج کے دوران شر پسندی کرنے والے طالب علموں کی تعلیمی اسناد اور داخلے منسوخ کرنے کے فیصلے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ احتجاج میں شامل شرپسند افراد کے پاسپورٹ، شناختی کارڈ منسوخ اورسم بلاک کرنے کا بھی فیصلہ زیر غور ہے، دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمنٹے کیلئے مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔