لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سموگ سیاسی نہیں انسانی مسئلہ ہے، اس معاملے پر بھارت سے بات کرنا ہوگی۔
لاہور میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سوچ رہی ہوں سموگ کے حوالے سے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھوں، سموگ کے مسئلے پر بھارت سے ڈپلومیسی کی ضرورت ہے، بھارتی اور پاکستانی پنجاب کو مل کر سموگ کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہواؤں کو نہیں پتا دونوں ملکوں کے درمیان میں بارڈر ہے، جب تک دونوں پنجاب مل کر اقدامات نہیں کرتے سموگ سے لڑنا نا ممکن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، سکھ، ہندو اور مسیحی سب برابر کے پاکستانی ہیں، دیوالی کی تقریب میں ہندو برادری کو خوش آمدید کہتی ہوں، یہ دلوں کو قریب لانے کا چراغ ہے، ہم سب کسی تفریق کے بغیر پاکستانی ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز نے 20 دسمبر کو مینارٹی کارڈ متعارف کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مستحق اقلیتی افراد کو مینارٹی کارڈ کے ذریعے 10 ہزار 500 روپے دیئے جائیں گے، دیوالی کے تہوار پر 1400 خاندانوں کیلئے فی کس 15 ہزار عیدی کا تحفہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیوالی کا دیا دلوں کو جوڑتا ہے، میرے پلان میں کسی قسم کی کوئی تفریق نہیں، اقلیتی برادری کیلئے فنڈز ڈبل کر دیا ہے۔