اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی افواج کے درمیان انسداد دہشتگردی کے حوالے سے دو ہفتوں پر مشتمل مشترکہ مشق ’اقبال-ون‘ اختتام پذیر ہوگئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مشترکہ مشق اقبال-ون کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد کی گئی، جہاں کمانڈنٹ سپیشل آپریشن سکول نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اختتامی تقریب میں جنوبی افریقہ کی سپیشل فورسز کے چیف آف سٹاف کرنل ایس ایس لیچونی نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دو ہفتے طویل مشق 15 اکتوبر 2024 کو شروع ہوئی تھی، مشق میں پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ اور جنوبی افریقہ کی سپیشل فورسز کی دو ٹیموں نے حصہ لیا، فوجی دستوں نے مشق کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونے والی تکنیکوں اور طریقہ کار کو بہتر بنانا اور دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی عسکری تعلقات کو فروغ دینا تھا۔