راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ضلع لکی مروت میں ایک مسجد پر حملہ کیا جسے جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے آج نماز مغرب کے دوران حملہ کیا، جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ بھی اسی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے وہاں موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عارف اللہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیر تربیت اور اپنے آبائی شہر میں چھٹی پر تھے، خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی، عارف اللہ نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں، نمازیوں پر حملہ کرنے کا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل خوارج کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نوجوان جنٹلمین کیڈٹ کی ایسی بہادری دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جوانوں کے جذبے اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔