اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کی سنگجانی مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری میں 19 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے مقدمے کی سماعت کی، دوران سماعت زرتاج گل اپنے وکلا سردار مصروف، انصر کیانی اور آمنہ علی کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔
وکیل صفائی سردار مصروف خان نے موقف اپنایا کہ تھانہ سنگجانی کے درج مقدمے میں شریک ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔
اس موقع پر پراسیکیوٹر کی جانب سے دیگر ملزمان کی درخواست ضمانتوں سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا گیا اور استدعا کی کہ دیگر ملزمان کی درخواست ضمانتوں کے ساتھ ہی اس ضمانت کو بھی سنا جائے۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے زرتاج گل کی درخواست ضمانت میں 19 نومبر تک توسیع کر دی۔