اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہا ہونے کے بعد پشاور پہنچ گئیں۔
اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوری بعد بشریٰ بی بی بنی گالہ پہنچیں جہاں انہوں نے کچھ دیر قیام کیابعدازاں پشاور روانہ ہو گئیں جہاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہاؤس میں ان کی آمد سے قبل انتظامات کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ بشریٰ بی بی زمان پارک لاہور کے بجائے پشاور میں قیام کریں گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی شوکت خانم ہسپتال پشاور میں اپنا طبی معائنہ کرائیں گی، سابق خاتون کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کو آج ضمانت پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا، بشریٰ بی بی کی رہائی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے کی گئی، رہائی کا عمل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے کمرے میں مکمل کیا گیا، بشریٰ بی بی کو سخت سکیورٹی حصار میں جیل سے روانہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں درخواست ضمانت منظور ہوئی تھی، آج احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی، رہائی کی روبکار موصول ہونے پر اڈیالہ جیل حکام نے بشریٰ بی بی کو رہا کیا۔
بشریٰ بی بی نے مجموعی طور پر 9 ماہ کا عرصہ جیل میں گزارا، بشریٰ بی بی کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی، سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل میں آکر گرفتاری دی تھی۔
سابق خاتون اول کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا، کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی تھی، بعدازاں بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ٹو میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔